سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر میں ریلوے انتظامیہ کی کارروائی کے خلاف کوارٹروں کے مکینوں کا احتجاج، شہرکی مرکزی شاہراہ پردھرناٹریفک کی آمد و رفت معطل کردی، مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل، سالوں سے رہ رہے ہیں مگرریلوے انتظامیہ بلاجواز کارروائی کررہی ہے، مکینوں کا مؤقف۔تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے ورکشاپ روڈ واری تڑ ودیگر کے مکینوں نے ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کوارٹرز خالی کرانے کیخلاف پولیس لائن کے قریب شہر کی مرکزی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی ۔اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ان کوارٹروں میں ہم سالوں سے مقیم ہے لیکن اب بغیر کوئی نوٹس دیے ہمیں بے دخل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ہم کرنے نہیں دیں گے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ریلوے انتظامیہ کو کارروائی سے روک کر ہمیں بے گھر ہونے سے بچایا جائے۔