ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ملاح برادری کا بدین پولیس کیخلاف پریس کلب گھارو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، جس کی قیادت امیر البحر سندھ کے رہنما علی حسن ملاح، وزیر ملاح، غلام نبی ملاح، عثمان ملاح کررہے تھے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بدین پولیس پرالزام عائد کیا کہ بدین پولیس نے گوٹھ ابل وسی میں ملاح برادری کے گھروں پر بلاجواز چڑھائی کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کو تشددکا نشانہ بنایا ہے اور چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین انتہائی سادہ زندگی گزارتے ہوئے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے ماہیگیری کرتے ہیں مگر پولیس مقامی وڈیروں کے کہنے پر ان معصوم لوگوں پر جھوٹے مقدمات قائم کرتے ہوئے انہیں مجرم ثابت کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بدین پولیس کی بنا سرچ وارنٹ اور لیڈیز پولیس کی غیر موجودگی میں کیے گئے آپریشن کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ مظاہرین نے آئی جی سندھ، اے آئی جی حیدر آباد، ڈی آئی جی حیدر آباد اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری بدین پولیس کی جانب سے ابل وسی گوٹھ میں کی گئی کارروائی کا نوٹس لیں اور بدین پولیس کی زیادتیاں بند کروائی جائیں۔