پاکستان کا سلامتی کونسل میں جانے کا اعلان ،شاہ محمود کا یورپی نمائندے سے رابطہ

205

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدامات کیخلاف سلامتی کونسل جانے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو وزارت خارجہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت دنیا کی توجہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے ’پلوامہ ٹو‘طرز کا نیا ڈراما رچا سکتا ہے، بھارت نے شملہ معاہدے کی روح پر حملہ کیا ہے جس میں مسئلہ کشمیر کو متنازع معاملہ تسلیم کیا گیا تھا ، اب تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ سمجھوتا ایکسپریس بھی نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال پر چین کے ساتھ مشاورت ضروری ہے اس سلسلے میں جلد بیجنگ جاؤں گا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ جواہر لال نہرو نے بھی کہا تھا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے جب کہ بھارت پورے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے،بھارت کب تک 40لاکھ کشمیریوں کو قید رکھے گا۔وزیرخارجہ نے بتایا کہ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے امور خارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔یورپی نمائندے کو مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن و امان کو درپیش خطرات کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کوئی کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو پاکستان کی طرف سے اجازت ہے۔