گجرات کے قصاب کو کشمیریوں کا مزید خون بہانے نہیں دینگے‘بلاول

538

اسلام آباد (آن لائن )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں سے کہا ہے کہ متحد ہو کر ایک طاقت بن کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز بنیں۔ گجرات کے قصاب کو کشمیری عوام کا مزید خون بہانے نہیں دیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن آخری سانس تک مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ جمعرات کے روز پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے رہنمائوں چودھری یاسین، چودھری پرویز اشرف، ممتاز راٹھور، مطلوب انقلابی، جاوید ایوب، شاہین کوثر ڈار، عزادار شاہ، صاحبزادہ ذوالفقار، سردار امجد یوسف، جنید عارف، غلام صادق، ا فسر شاہد، شازیہ اختر، عبدالغفار لون اور سردار گل نوازاور ان کے علاوہ اظہر گیلانی بھی شامل تھے جو کشمیری مہاجرین کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران سینیٹر فرحت اللہ بابر، سید نیر حسین بخاری، راجہ پرویز اشرف، سید قائم علی شاہ، ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور چودھری منظور بھی موجود تھے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی آزادی کے لیے ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ جنگ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ بھارتی حکومت دنیا کو دھوکا نہیں دے سکتی۔ ایسے وقت جب دنیا بھر میں آزادی کی تحریکیںفتحیاب ہو چکی ہیں تو ایسے میں مودی کس طرح مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار رکھ سکتا ہے۔