لاڑکانہ، چانڈکا اسپتال نیفرالوجی، ڈائیلاسز وارڈ میں سہولیات کا فقدان

159

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کے شعبہ نیفرالوجی ڈائیلاسز وارڈ میں طبی سہولیات کا فقدان برقرار، بجلی کی بندش اور ڈائیلاسز مشینوں کی کٹس نا ہونے سے مریضوں اور تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا جبکہ اسپتال میں ڈائیلاسز کٹس نا ہونے کے باعث مریض اپنی زندگی بچانے کے لیے مہنگے داموں علاج کروانے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کی روایتی بے حسی برقرار ہونے سے سندھ بلوچستان کے متعدد اضلاع سے ڈائیلاسز کروانے کے لیے والے مریضوں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، انچارج ایم ایس ڈاکٹر ارشاد موریو کا کہنا ہے کہ نیفرالوجی وارڈ میں 13 ڈائیلاسز مشینیں موجود ہیں تاہم لوڈشیڈنگ سے اکثر بند رہتی ہیں، اب کٹس کی کمی کا سامنا ہے، ایک کٹ 17 سے 18 سو روپے تک کی ہے، ڈی ڈی او پاورز کے تحت صرف ایک لاکھ روپے خرچ کر سکتا ہوں جو کہ کر چکا ہوں، اپنی جیب سے دس ہزار روپے کٹس کے لیے دیے ہیں، گمبٹ سے کچھ ڈائیلاسز کٹس منگوائی ہیں جلد دیگر کٹس منگوا لی جائیں گی۔ دوسری جانب مریضوں کا مطالبہ ہے کہ آئے روز بجلی کی بندش، جنریٹر کی خرابی، کٹس کی کمی کا مسئلہ معمول بن چکا ہے، بروقت علاج نا ملنے سے زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں ہیں، بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر صحت ٹھوس اقدامات لیں۔