پیپلز بس سروس پائلٹ پراجیکٹ لاڑکانہ سے شروع ہوگا، قادر شاہ

171

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے لاڑکانہ کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز بس سروس پائلٹ پراجیکٹ لاڑکانہ سے شروع کیا گیا ہے، گزشتہ چار ماہ کے دوران سندھ کے مزید 5 اضلاع میں بس سروس کے لیے سروے مکمل کرلیا گیا ہے، بس سروس سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ حیدر آباد، نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ اور میرپور خاص میں ٹرانزٹ روٹس پر انٹر ڈسٹرکٹ پیپلز بسیں چلانے پر سروے 4 ماہ کے دوران مکمل کیا گیا۔ لاڑکانہ میں بس سروس منصوبے سے مسافروں کو ائر کنڈیشنڈ اور سستی سفری سہولیات میسر ہوں گی جبکہ پراجیکٹ پر سندھ حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا ہے۔ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ مالکان کو سہولتیں فراہم کریں گے، وہ بس سروس فراہم کریں گے، کرایے کا بھی سرکاری نرخ نامہ دیا جائے گا، شکایت کے لیے ٹول فری نمبر بھی شروع کررہے ہیں۔ اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ منصوبے کا افتتاح بلاول زرداری کو کرنا تھا تاہم مقبوضہ کشمیر ایشو کے باعث بلاول کا اسلام آباد میں ہونا ضروری ہے۔ اس لیے وہ واپس روانہ ہوچکے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں، انڈیا کا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے انٹر ٹرانزٹ بس سروس کا افتتاح بھی کیا۔