اسلام آباد( آن لائن )سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پروڈکشن آرڈر ملنے کے باوجود پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آنے سے انکار کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے پارلیمنٹ میں جانے یا نہ جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا،نیب حوالات میں ہی ٹھیک ہوں۔نیب حکام نے شاہد خاقان عباسی سے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آپکے پروڈکشن آرڈر آئے ہیں۔جس پر انہوں نے کہا کہ میں نیب حوالات میں ہی ٹھیک ہوں۔واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے بھارت کی جانب سے اپنے ہی آئین ، اپنی ہی اعلیٰ عدلیہ اور عالمی ضمیر کو روندتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا تھا۔واضح رہے گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری ، لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق ، شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے گئے تھے۔