مودی سرکار جنگی جنون کی آڑ میں تباہ کن اقدامات کررہی ہے، عثمان بزدار

263

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اورکنٹرول لائن پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنانے کے واقعات کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔پنجاب کابینہ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی
حکومت کے فیصلے پر سخت تشویش کااظہار کیا اور اسے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مودی سرکار جنگی جنون کی آڑ میں تباہ کن اقدامات کررہی ہے اوربھارت کا یہ اقدام سیاہ دن کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا،بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق سلب کر رہاہے،پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی او راخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے وزراء اور اراکین اسمبلی کوفیصل چوک میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی اورکہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوجی جارحیت کے ذریعے کشمیری عوام کا بنیادی حق سلب نہیں کرسکتا، کشمیری عوام کی برسوں سے جاری پرامن تحریک صرف حق خود ارادیت کے لیے ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خطے میں امن اور استحکام پیدا نہیں ہوسکتا، عالمی برادری کشمیری عوام کی آزادی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ پنجاب کابینہ نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اجلاس میںبھارتی فوج کے ظلم کا نشانہ بننے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔
عثمان بزدار