حیسکو نے نوابشاہ کے عوام کی زندگی اجیرن کردی، سرور احمد قریشی

106

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ سرور احمد قریشی نے کہا ہے کہ حیسکو نے نوابشاہ کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام کو بتایا جائے کہ بجلی کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیوں کی جا رہی ہے، آئے دن ٹرانسفارمر جل رہے ہیں اور ان کی مرمت کے لیے عوام سے رقم وصول کی جارہی ہے۔ عید قربان کے موقع پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث جنریٹر کے استعمال کے باعث مہنگے دام پیٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔ ایک طرف بجلی کے بھاری بھر کم بلوں کا بوجھ ہے تو دوسری جانب توانائی کے متبادل استعمال کی وجہ سے اضافی بوجھ نے عوام کی زندگی دوبھر کردی۔ وفاقی حکومت نے پاور سپلائی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بے لگام گھوڑے کی طرح چھوڑ دیا ہے۔ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے اور سخت گرمی میں عوام کی خدمت کرنے والوں کا دعویٰ کرنے والوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ عوام کو بتایا جائے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کس کی ایماء پر کی جا رہی ہے جبکہ کم وولٹیج کی وجہ سے گھریلو اشیاء کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو فی الفور ختم کیا جائے۔