بھارتی عزائم خطے میں امن تباہ کرنے کی کوشش ہے،شاہ محمود قریشی ،او آئی سی سی کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ

265

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی عزائم خطے میں امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کی کوشش ہے۔وزیرخارجہ نے سابق سیکرٹریز کا ہنگامی مشاورتی اجلاس دفترخارجہ میں طلب کیا جس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سمیت سابق خارجہ سیکرٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور تشویشناک صورتحال پر مشاورت کی گئی جب کہ بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بڑھتی ہوئی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال پر پوری دنیا کو تشویش ہے، عالمی
برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں فوری طور پر اس گھمبیر صورت حال کا نوٹس لیں۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ سے وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں مزید 28ہزار اہلکار بھیجنے اور غیر ملکی سیاحوں کو نکالنے کی اطلاعات پر تشویش ہے،نہتے کشمیریوں پر بھارت کی طرف سے ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے ۔