کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان ہاکی ٹیم میں سفارش کلچر کو دفن کرنے کا عزم کیا ہے۔میرٹ پر ٹیم کا چناؤ ترجیحات میں شامل ہے، اس عزم کا اظہار پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین منظورِ جونیر نے گزشتہ روز نمائندہ جسارت سے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 65ویں قومی چیمپین شپ میں جن کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ لاسٹ 4 ٹیموں میں شاملِ نہیں بھی ہوں ان کے ناموں پر بھی غور ہوگا۔ ٹیم کی تشکیلِ میں ان کھلاڑیوں کو فوقیت دی جائے گی جو زیادہ عرصہ تک ٹیم کا کارکردگی کی بنیاد پر اس کا حصہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ نہ میرٹ کا قتل ہوگا اور نہ ہی سفارْشی کلچر کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف جو سسٹم لارہی ہے اس کے یقیناً مستقبلِ قریب میں فوائد نظر آئیں گے ۔انشاء اللہ بہت جلد عالمی ہاکی میں پاکستان کا نام وکٹری اسٹینڈ پر ہوگا۔