گوجرانوالہ سے گرفتار بھارتی  شہری کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ

150

گوجرانوالہ(آن لائن )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے گوجرانوالہ سے 2 روز قبل خفیہ اداروں کی جانب سے حراست میں لیے گئے بھارتی شہری کوعلاقہ مجسٹریٹ کی
عدالت میں پیش کرکے 5 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا ۔10برس سے گوجرانوالہ میں مقیم بھارتی شہری پنچم تیواری نے ایف آئی اے کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ 2009 میں دبئی میں پاکستانی شہری کامران کے ساتھ مل کر کاروبار کیا،کامران سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا تاہم مذہبی تبدیلی کے باعث واپس جانے سے ڈرتا تھا۔ کامران نے پاکستان میں رہنے اور بہن سے شادی کی پیشکش کی جسے قبول کرلیا، اب میرے 3 بچے ہیں،بھارتی باشندے کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلرز نے سمندری راستے سے کراچی پہنچا یا ، کامران کے پھوپھا مسعود نے اپنا بیٹا ظاہر کر کے شناختی کارڈ دلوایا اور نیا نام بلال رکھ دیا۔پنچم تیواری کا کہنا ہے کہ بطور مسلمان یہیں زندگی گزارنا چاہتا ہوں اور بھارت نہیں جاؤں گا۔ایف آئی اے 5 اگست کو ملزم کو عدالت میں پیش کرے گی۔ایف آئی اے کے تفتیشی افسر انسپکٹر نوید احمد کے مطابق بھارتی شہری کو پناہ دینے والے شخص کامران کے خاندان سے مسعود اشرف، رخسانہ اور قیصر سے تفتیش کی گئی ہے اور پناہ دینے پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر نواز نے بتایا کہ پنچم تیواری نامی شخص 2009 میں ملازمت کے سلسلے میں دبئی گیا تھا جہاں اس کی ملاقات گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے شہری کامران سے ہوئی جس کے بعد دونوں کاروباری شراکت دار بن گئے تھے اور کامران، پنچم تیواری کو جعلی پاسپورٹ پر پاکستان لے آیا تھا‘بعدازاں پنچم تیواری نے اسلام قبول کر کے بلال نام اختیار کیا اور کامران کی بہن رخسانہ کے ساتھ اس کی شادی کردی گئی تھی ایف آئی اے عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ اور نکاح نامہ وغیرہ بنوا کر پاکستان میں ہی رہائش اختیار کرلی تھی۔
بھارتی شہری گرفتار