سینیٹ الیکشن سے پورا ایوان مشکوک ہوگیا،سراج الحق

141

لاہور( نمائندہ جسارت ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کی قوت خرید زیادہ تھی، وہ جیت گئی ۔ اپوزیشن بکائو مال ڈھونڈنے کے لیے الٹراسائونڈ کررہی ہے۔ ہمیں اللہ نے خریدو فروخت کے کھیل کا حصہ بننے سے بچا لیاہے۔ ایک گھوڑاخراب ہوتو پورے اصطبل کو خراب کردیتا ہے ۔ سینیٹ الیکشن میں کھیلے گئے کھیل سے پورا ایوان مشکوک ہوگیا ہے ۔ قوم کے سامنے سب کے چہرے بے نقاب ہوگئے ہیں،میک اپ اترنے کے بعد اصل چہرے سب نے دیکھ لیے ہیں۔ ایسے لوگوں سے توقعات لگانا خود فریبی ہے ،عوام بنگلوںکا طواف کرنااور سانپوں کو دودھ پلانا چھوڑ کر اللہ کے نظام کے غلبہ کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ملک کے مسائل کا حل صرف نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ میں ہے ۔معاشی استحصال کے ہاتھوں پوری قوم پریشان ہے ،98فیصد دولت پر 2 فیصد اشرافیہ قابض ہے۔ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری ناقابل برداشت ہے۔ لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں، حکمران اندھے گونگے اور بہرے بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے مدینہ کی ریاست کے نام پر عوام کو دھوکا دیا۔ مدینہ کی ریاست میں اختیار کسی فرد، پارٹی یا حکومت کے پاس نہیں تھا تمام اختیارات کا مالک اللہ تعالی تھا اور حکم بھی صرف اسی کا چلتا تھا جبکہ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کے دعویداروں نے تمام اختیار ات اپنے ہاتھ میں لے رکھے ہیں، آئین و قانون بے بس اور قانون ساز ادارے بے توقیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں مگر ایسی جمہوریت پر جس میں اللہ کی حدود کو توڑا نہ جائے، سود اور شراب کو بڑھانے کے بجائے اس پر پابندی لگائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں کسی کا معاشی استحصال نہیں ہوتا، غریب بھوکا فٹ پاتھ پر نہیں سوتا ہے اور نہ کوئی کمزور انصاف سے محروم ہوتا ہے لیکن آج ملک میں لوگ بے بسی کی موت مررہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں، یہ حکومت بھی اسٹیٹس کو کی محافظ ہے۔ اس سے عام آدمی کو کچھ نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر غریبوں کا مذاق اڑایا گیا اسی طرح موجودہ حکمران عوام کے دینی جذبات سے کھیل رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے مہنگائی بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف ہونے والی عوامی ریلیوں میں عوام کی بڑھتی ہوئی شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ حکومت سے لوگوں کی توقعات اور امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔25اگست کو پشاور میں ہونے والا مارچ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔
سراج الحق