نوابشاہ (سٹی رپورٹر) بارشوں کے بعد قائد عوام یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں درڑائیں پڑگئیں، وائس چانسلر کے آفس کی چھت کا پلستر گرگیا۔ قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئر نگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف ڈپارٹمنٹ الیکٹریکل، سول، کمپیوٹر سسٹم، ہاسٹل کی عمارتوں میں گزشتہ دنوں ہونے والی تیز برسات کے باعث دراڑیں پڑ گئیں جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم رضا سموں کے آفس کی چھت کا پلستر بھی گر گیا۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ متاثر ہونے والی عمارتیں پرانی ہیں۔بارش کے باعث عمارتوں کی حالت مزید خراب ہوگی ہے۔اعلیٰ حکام کو بارش کے بعد عمارتوں کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تحریری طور پر لکھ کر آگاہ کیا ہے۔ اور عمارتوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے فنڈز کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عمارتوں کی حالت بہتر بنائی جاسکے۔ وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ اگر برساتوں کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو یونیورسٹی کی متاثرہ عمارتوں کو زیادہ نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔