لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز کیس میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کردی ہے، احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر حمزہ شہباز کو سخت سیکورٹی میں عدالت کے رو برو پیش کیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سینیٹ انتخابات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرلی۔ دوران سماعت حمزہ شہباز نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں عام شہری ہوں لیکن نیب کے نزدیک میں بڑا گنہگار ہوں مجھ پرلگائے گئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں‘ انہوں نے کہا کہ میں نے کیا جرم کیا ہے،یہ سوال چھوڑ کے جا رہا ہوں،قیامت تک یہ میرے سوال کا جواب نہیں دے سکیں گے۔یاد رہے کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نامزد کیا گیا ہے، نیب ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ ملزمان نے رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلومیٹر طویل نالہ بنوایا، شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور اپنے خاندان کی ملز کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوامی مفاد کا نام لیا، ریفرنس کے مطابق شہباز شریف کے اس فیصلے سے سرکاری خزانے کو 213 ملین کا نقصان ہوا۔نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز کے خلاف انکوائری جاری ہے، مکمل ہونے پر ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔