نوابشاہ (سٹی رپورٹر) نوابشاہ زچہ و بچہ اسپتال قاضی احمد موڑ کی چھت رسنے لگی پروجیکٹ مدت پوری ہونے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوپایا۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 4 بلین کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 300 بیڈ پر مشتمل عمارت میں کروڑوں روپے کی خورد برد ہوئی ہے۔ نوابشاہ میں قاضی احمد موڑ پر واقع زچہ و بچہ اسپتال کی چھت بارش کے باعث رسنے لگی جبکہ نکاسی آب کا نظام بھی مفلوج ہوگیا۔ نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال کا احاطہ بارش کے پانی سے بھر گیا، جس کے باعث عمارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی بھی ادارہ یا ٹھیکیدار اس کی ذمے داری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپتال کو ابھی تک اسٹاف کے ہینڈ اوور نہیں کیا گیا لیکن آغاز میں ہی کروڑوں روپے کا خورد برد ہونا ضلعی انتظامیہ کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے تحقیقات اور غفلت برتنے والوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔