کراچی (اسٹا ف رپورٹر) آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے اپنی کتابوں کی”پلاٹینم سیریز“ کراچی پریس کلب کی لائبریری کے لئے عطیہ کیا ہے۔ تقریب میں کراچی پریس کلب کے نائب صدر سعید سربازی، سیکر ٹری ارمان صابر، لائبریری کمیٹی کے سیکریٹری سعید خاور، جوائنٹ سیکر ٹری حنیف اکبر، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین سمیت ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی،
کراچی پریس کلب کی جانب سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین کو اجرک کا روایتی تحفہ پیش کیا گیا۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے پلاٹینم سیریز 70 سے زائد ٹائٹلز پر مشتمل ہے جو پاکستان پر مرکوز ہے اور شعبوں کے ایک وسیع میدان کو کور کرتا ہے، معروف ماہرین تعلیم اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کے ذریعہ تحریر کردہ یہ کتابیں پاکستان کی تاریخ کو پیش کرتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین نے کہا کے مجھے خوشی ہے کہ ہم پلاٹینم سیریز کراچی پریس کلب کی لائبریری کو پیش کر رہے ہیں کیونکہ یہ تعلیم، تحقیق کے پھیلاؤ اور اسکالر شپ میں مسلسل عمدہ اہلیت کے ہمارے مقصد کے مطابق ہے۔ ہم پاکستان میں کتابیں پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے اور فکری مواد کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
کرچی پریس کلب شہر کی آواز کی نمائندگی کرتا ہے اور صحافی ہمارے معاشرے کے اہم قائدین،مشاورتی دانشور اور ادب پسندوں کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ میڈیا، تعلیم، ادب، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں جو اہم کردار ادا کررہے ہیں اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یہ سارے شعبے ہمارے لئے خاصی اہمیت کے حامل ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری یہ سرگر می بہت آگے تک جائے گی۔
کراچی پریس کلب کے سیکر ٹری ارمان صابر نے کہا کہ تعلیم، ادب اور ثقافت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے حکومت، ریگولیٹرز، تعلیمی ادارے، میڈیا برادری، اور نجی شعبے سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی تعاون کی کوششوں کی ضرورت ہے۔ یہ تب ہی ہوگا جب ہم اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کریں گے، انہی کوششوں کے ذریعے ہم ملک میں بڑھتے ہوئے تعلیمی بحران سے نمٹنے کے قابل ہوں گے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اجتماعی و عملی نکتہ نظر کے لئے اپنا کردار ادا کررہاہے۔
کراچی پریس کلب لائبریری کمیٹی کے سعید خاور نے کہا کہ ہم آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی اس شراکت کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ اس سے پریس کلب کی لائبریری کے کلیکشن میں مثبت اضافہ ہوگا۔ کراچی پریس کلب صحافیوں کا گڑھ ہے اور کتابوں کی وسیع پیمانے تک رسائی یقینی طور پر ذمہ دار صحافت کی طرف ایک مثبت راستہ ہے،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے نائب صدر سعید سربازی نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کی اہمیت اور ادب کو پھیلانا کے لئے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اپنے آغاز سے ہی اس کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، میں کراچی پریس کلب کی جانب سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کے انہوں نے ہماری لائبریری میں نمایاں شراکت کے لئے اپنی کتابوں کی”پلاٹینم سیریز“ کراچی پریس کلب کی لائبریری کے لئے عطیہ دیا ہے۔