سکھر، زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی سے سیاسی و سماجی رہنمائوں کی ملاقات

150

سکھر( نمائندہ جسارت) مدیجی میں زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کی حالت بہتر ہونے لگی، مختلف تنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنوں کی جانب سے بچی کی عیادت، وکلا نے ہائی کورٹ میں بغیر معاوضہ مقدمہ لڑنے کا اعلان کردیا۔ سول اسپتال سکھر میں تین روز قبل داخل مدیجی میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی آٹھ سالہ سمیا کھوسو کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے، جبکہ ایریگیشن مزدور یونین، سنی تحریک کے مرکزی رہنما مولانا محبوب سہتو سمیت مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے اسپتال پہنچ کر بچی کی عیادت کی۔ دوسری جانب نامور قانون دان ہادی بٹ نے اعلان کیا ہے کہ بچی سمیا کھوسو کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے کا ہائی کورٹ میں ان کے ورثاء سے مشاورت کے بعد مفت کیس لڑا جائے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، انتظامیہ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بچیوں کے ساتھ زیادتیوں کے مقدمات معمول بنتے جارہے ہیں، حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر پالیسی بناتے ہوئے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔