اسلام آباد(آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ معیشت کی تباہ حالی اور سیاسی افراتفری ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور موجودہ حکومت اس ملک کے عوام کو بند گلی میں دھکیل رہی ہے۔ایک بیان میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے والوں نے لوگوں کو افلاس اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا،اب دیکھنا یہ کہ عمران خان وعدہ پورا کرتے ہیں یا پھر اس پر بھی یو ٹرن کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت کی نااہلی سے ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے جارہا ہے اور عوام حکومتی نااہلی، ظلم اور زیادتی کو زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی طاقت کے آگے نہ کوئی آمر ٹھہر سکتا ہے اور نہ کوئی سیاسی جابر قدم جما سکتا ہے،عوام اس حکومت سے جھوٹ، ظلم اور زیادتی کا حساب ضرور لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی اور غیر سیاسی رویے سے ملک میں آمریت کا ماحول پیدا کردیا ہے اور اقتدار کے لیے پارلیمنٹ اور عوام کی طاقت کے بجائے اداروں کی طاقت پر انحصار جمہوریت کے لیے نیک شگون نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں عدل و انصاف مذاق بن گیا ہے اور موجودہ حکومت سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔