عوام کا مسئلہ مہنگائی اور بیروزگاری ہے، اپوزیشن اور حکومت چیئر مین سینٹ کے چکر میں لگے ہیں، سراج الحق

397
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق پریس کانفرنس کررہے ہیں،محمد جاوید قصوری، ذکراللہ مجاہد، قیصر شریف، شاہد نوید ملک ، چودھری منظور ودیگر بھی موجود ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق پریس کانفرنس کررہے ہیں،محمد جاوید قصوری، ذکراللہ مجاہد، قیصر شریف، شاہد نوید ملک ، چودھری منظور ودیگر بھی موجود ہیں

 

لاہور( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی سینیٹ کے الیکشن میں غیر جانبدار ’’ Abstain ‘‘ رہے گی۔ ہم سینیٹ کے الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ سینیٹ میں ایک سیاسی دنگل ہورہاہے ۔ اس وقت عوام کا اصل مسئلہ مہنگائی ، روزگار اور کرپشن ہے مگر حکومت اور اپوزیشن سینیٹ چیئرمین کی تبدیلی میں لگی ہوئی ہیں اور دو شریف بلوچوں کو لڑانے اور قربانی کا بکرا بنانے میں لگی ہوئی ہیں ۔ کراچی اور لاہور جیسے میگا شہر چند گھنٹوں کی بارش سے گندے اور سیوریج ملے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ لوگوں کا سب کچھ تباہ ہوگیاہے جبکہ حکمران برسات کے موسم کو انجوائے کر رہے ہیں ۔ اگر حکومت کے پاس بڑے شہروں کو بچانے کا کوئی انتظام نہیں تو عام آبادی کو کیسے تحفظ دیں گے ۔ حکومت کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں محض بیان بازی سے وقت گزاری کر رہی ہے ۔ میڈیا کو بھی روکا جا رہاہے کہ حکومت کی ناکامیوں کو سامنے نہ لائے ۔ جب بھی کسی حکومت کا زوال شروع ہوتا ہے وہ میڈیا پر پابندیاں لگاتی ہے ۔ یہ حکومت اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے ۔جماعت ا سلامی نے مہنگائی ، بے روزگاری کے خلاف جو تحریک شروع کی تھی وہ پورے ملک میں جاری ہے اور جاری رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جماعت اسلامی لاہور کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ
حکمران ابھی تک ٹرمپ کے مصافحے کے سحر سے باہر نہیں آئے ۔ حکومت صبح و شام امریکہ کے گن گا رہی ہے اور پوری قوم کو خوشخبریاں سنائی جارہی ہیں جبکہ قوم پوچھ رہی ہے کہ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے حوالے سے اب تک کیا کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت قوم کا اصل مسئلہ مہنگائی و بے روزگاری ہے۔ لوگ مہنگائی کی وجہ سے شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈیپریشن کا شکار ہورہے ہیں اور حکومت آئے روز ان بیماریوں کی دوائوں کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے ۔ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں دو سو فیصد تک اضافہ کر دیاگیاہے ۔ پوری قوم حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے دلدل میں پھنس گئی ہے ۔ ڈگری ہولڈرنوجوان جنہوںنے پی ٹی آئی کے لیے دن رات ایک کیا تھا ، وہ مایوس اور پریشان چہروں کے ساتھ مارے مارے پھر رہے ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم سابقہ و موجودہ حکمران پارٹیوں کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ کل تک پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی چیئرمین او ر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے جس پینل کو جتوانے کے لیے ایک دوسرے کا سہارا بنی ہوئی تھیں اور آج حکومت میں رہنے والی سابقہ دو پارٹیاں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے ایک ہوچکی ہیں ۔ حکومت اور اپوزیشن جو زبان بول رہی ہیں ، مہذب معاشرہ انہیں سننا بھی پسند نہیں کرتا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس ظالم حکومت کے آنے کے بعد صنعت ، زراعت اور تجارت تباہ ہوگئی ہے ۔ کاروبار ٹھپ اور روزگار ختم ہو چکاہے ۔ لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔