اسحاق ڈار کے منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہونے کے شواہد مل گئے

128

لاہور (نمائندہ جسارت) نیب کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہونے کے شواہد مل گئے جس کے بعد ملزم اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا
بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور کی جانب سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، حکام نے اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شواہد بھی حاصل کر لیے جس کے بعد اسحاق ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ ملزم اسحاق ڈار کے مختلف بینک اکاؤنٹس سے ضبط شدہ 50 کروڑ روپے کی رقم صوبائی حکومت کو منتقل کر دی گئی ہے جبکہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے نیب لاہور حکام نے 50 کروڑ کی خطیر رقم بینک الفلاح، حبیب بینک لمیٹڈ اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کے اکاؤنٹس سے ضبط کی جو قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل نیب لاہور کی جانب سے اسحاق ڈار کا گلبرگ میں واقع 5 کنال رقبہ پر محیط بنگلہ بھی بحق سرکار ضبط کرکے سرکاری اہلکار تعینات کر دیے گئے تھے۔قبل ازیں اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس سے 36 کروڑ روپے پنجاب حکومت کو منتقل کیے جاچکے ہیں جبکہ ان کے مختلف کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس چند ماہ پہلے منجمد کیے گئے تھے اور عدالت کے حکم پر اسحاق ڈار کی جائداد قرق کی جاچکی ہے۔
اسحاق ڈار