مونٹریال (جسارت نیوز) شہرہ آفاق سربین اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے آرام کی غرض سے آئندہ ماہ کینیڈا میں شیڈول مونٹریال ماسرز ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر لی۔ جوکووچ کی دستبرداری کا مطلب ہے کہ دفاعی چیمپئن رافیل نڈال ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ جوکووچ نے بیان میں کہا کہ وہ کینیڈا میں کھیلنا پسند کرتے ہیں وہاں پر ان کے کئی اچھے دوست بھی ہیں اور مجھے وہاں جا کر ایسا محسوس ہوتا رہتا ہے جیسے میں اپنے گھر میں ہوں لیکن میں ابھی مزید آرام کرنا چاہتا ہوں اسلئے سپورٹنگ ٹیم کی مشاورت کے بعد میں نے ایونٹ میں شرکت سے معذرت کی ہے۔ جوکووچ سے قبل ارجنٹائنی کھلاڑی جان مارٹن ڈیل پوٹرو بھی ایونٹ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کی جگہ فرانسیسی کھلاڑیوں رچرڈ گیسکوئٹ اور میخیل کوکوشکن کو مین ڈرا میں شامل کر لیا گیا ہے۔