شیخ رشید آج رحیم یار خان سے نوابشاہ تک ریلوے ٹریک کا جائزہ لینگے

641

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سندھ اور کراچی کے 3 روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر ریلوے آج مین لائین ون کے ریل ٹریک پر اندرون سندھ ونڈو ٹریلنگ کریں گے۔ رحیم یار خان سے بذریعہ ٹرین نوابشاہ تک ٹریک انسپیکشن کریں گے۔ وزیر ریلوے رحیم یار خان، صادق آباد، ولہار ریلوے اسٹیشن، روہڑی، مہر آباد اور نواب شاہ اسٹیشنوں کا دورہ کرینگے۔ یکم اگست کو شیخ رشید احمد مین لائین 2 کا ٹریک دیکھیں گے، بذریعہ ٹرین انسپیکشن لاڑکانہ، دادو، سہون شریف اور کوٹری اسٹیشنوں کا دورہ کرینگے جبکہ 2 اگست کو کراچی پہنچیں گے اور پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ وزیر ریلوے سکھر ریلوے ڈویژن میں گزشتہ کئی سالوں سے ہونے والے ریل حادثات کا جائزہ لینے کیلیے خصوصی طور پر دورہ کر رہے ہیں۔ اندرون سندھ دورے کے دوران ریلوے کے تمام شعبوں سے متعلقہ اعلیٰ افسران بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ وزیر ریلوے سکھر ڈویژن کے آپریشنل مسائل میں کمی کے حوالے سے خصوصی احکامات جاری کرینگے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیرِصدارت اجلاس میں ایم ایل ون پروجیکٹ کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے۔ سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبے کے پیکیج ون کو سی ڈی ڈبلیو پی اور ایکنک سے منظوری کے لیے جلد از جلد پیش کیا جائیگا۔ اس پیکیج میں نوابشاہ تا روہڑی ٹریک کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔