قصور(اے پی پی )ڈپٹی کمشنر قصور محمد اظہر حیات نے کہا ہے کہ انتظامی افسران شہریوں کو درپیش شکایات کے بلا تاخیر ازالے کیلیے دن رات ایک کر دیں ، اسسٹنٹ کمشنرز مقامی سطح پر دستیاب محدود مالی و ہیومن ریسورسز کے باوجود اپنی دیانتداری ، کمٹمنٹ ، محنت اوربہترین حکمت عملی کے بل پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کی کوشش کریں تا کہ حکومت اور افسران پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہو ، مقامی عدالتوں ، اسپتالوں ، تعلیمی اداروں ، پبلک پارکس ،بس اسٹینڈز پر سیکورٹی ،صفائی ستھرائی ،عوام کے بیٹھنے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے ،وزیر اعظم شکایات پورٹل ،وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی طرف سے موصولہ عوامی شکایات کے حل کو ہر حال میں اولیت دی جائے ، اے سی صاحبان ہر جمعہ کے روز یونین کونسلوں کی سطح پر کھلی کچہریوں کے ذریعے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو اپنا معمول بنائیں ، اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ تحصیلوں میں تمام محکموں کے مقامی ہیڈز ،میڈیا ،نمبردار، ہیڈ ماسٹرز ،امام مسجد اور دیگر معززین کیساتھ باقاعدگی سے میٹنگز کا انعقاد کریں تا کہ عوامی مسائل کے بلا تاخیر حل میں عوام کی طرف سے بھی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے ، اے سی صاحبان مقامی پولیس کیساتھ ملکر پانی و بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور فوری گرفتاریاں عمل میں لائیں ، قبرستانوں ، جوہڑوں و دیگر عوامی مفاد کے مقامات پر سے تجاوزات کو ترجیحی بنیادوں پر ہٹایا جائے ، اسسٹنٹ کمشنرز ہر جمعہ کی صبح تمام محکمہ جات کے مقامی افسران کیساتھ عوامی مسائل کے حل کیلیے ہفتہ وار میٹنگز کا انعقاد کریں ، ممکنہ سیلاب سے بچائو کے متعلقہ تمام محکمہ جات توجہ میں ہرگز کمی نہ آنے دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے مکمل تیار ی رکھیں اوراراضی ریکارڈ سینٹر ،نادرا ، پاسپورٹ آفس جیسے عوامی دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرہ جات کی مد د سے غیر متعلقہ عناصر کی دخل اندازی اور ٹائوٹ مافیا کے خاتمے کیلیے خفیہ فہرستیں مرتب کر کے ڈی سی آفس بھجوائی جائیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے جاری شدہ ہدایات کی روشنی میں کمیٹی روم میں منعقدہ اسسٹنٹ کمشنرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اے ڈی سی آر عابد حسین بھٹی ، اے سی قصور محترمہ عفت النسا ، اے سی چونیاں شبیر احمد ڈوگر، اے سی پتوکی آصف علی ڈوگر ، اے سی کوٹ رادھاکشن زہرا دستگیر ،سی ای او تعلیم مسز ناہید واصف ، سی ای او صحت ڈاکٹر نذیر احمد سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک طارق محمود ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن زاہد ہما شاہ ، سی او ضلع کونسل گلشن نورین ، ایس ڈی او بلڈنگ ، ایس ڈی او روڈز اور ریونیو افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔