کو ئٹہ (نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں تھانے کے قریب بم دھماکے میں پولیس افسر اور اہلکار سمیت 4افراد جاں بحق اور 30زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا مغرب کے وقت کوئٹہ کے مصروف ترین علاقے باچا خان چوک پر سٹی پولیس تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔دھماکے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ جائے وقوع پر تباہی کے مناظر دیکھے گئے۔ قریب واقع دکانوں اور سڑک کے کنارے کھڑی موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، فلاحی تنظیموں کے رضا کار جائے وقوع پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ عینی شاہد محمد مزمل کے مطابق دھماکے سے پولیس کی ایک گاڑی اور ایک موٹر سائیکل میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ سول اسپتال کوئٹہ کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید کے مطابق سول اسپتال میں 4 افراد کی لاشیں لائی گئیں جبکہ خواتین اور بچوں سمیت28افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ڈاکٹر سمیت تمام عملے کو طلب کیا گیا۔ زخمیوں میں بھی کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکے کا ہدف پولیس موبائل تھی اور جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سٹی پولیس تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او شفاعت سمیت 4پولیس اہلکار زخمی ہیں جن میں سے3 سول اسپتال اور ایک سی ایم ایچ میں زیر علاج ہے۔ دھماکے کے بعد اسپیشل برانچ، کرائم برانچ ، کاؤنٹر ٹیرراز ڈیپارٹمنٹ پولیس اور محکمہ شہری دفاع کی تفتیشی اور بم ڈسپوزل ٹیموں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا موٹر سائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جس میں 5سے6کلو گرام بارودی مواد کے علاوہ بال بیرنگز وغیرہ کا بھی استعمال کیاگیا تھا۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں یہ رواں ہفتے کے دوران دوسرا بم دھماکا ہے اس سے قبل23جولائی کو شہر کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر ایک کلینک کے باہر سائیکل میں نصب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 25افراد زخمی ہوئے تھے۔