لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) نوڈیرو میں چند روز قبل بے دردی سے قتل ہونے والے 10 سالہ بچی زارا منگی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بچوں کے اغوا، تشدد اور ان کے بے رحمانہ قتل کیخلاف لاڑکانہ میں عوامی ورکرز پارٹی یونٹ الہ آباد، سماجی تنظیموں انڈس ریسورس سینٹر اور چائلڈ رائٹس ایڈووکیسی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا، جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر خان غفار خان، مجیب پیرزادو، کمال جنبلات، عتیق چانڈیو، سمیع کاکیپوٹو، سید جاوید شاہ، نثار مغیری، استاد گل دایو، عبدالکریم چانڈیو، قادربخش کمانگر، روشن جمالی، سمیع اللہ جاگیرانی اور دیگر کا کہنا تھا کہ نوڈیرو میں بے رحمی سے قتل کی جانے والی 12 سالہ بچی زارا منگی سمیت سندھ میں معصوم بچیوں کے ساتھ ظلم، اغوا اور انہیں وحشت کا نشانہ بنانے کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایسے واقعے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوڈیرو پیپلز پارٹی کا گڑھ ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی کے کسی بھی رہنما نے مقتولہ بچی کے ورثا سے تعزیت نہیں کی اور نہ انہیں یقین دہانی کروائی جارہی ہے جس کے باعث ورثا آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زارا منگی سمیت دیگر بچوں اور بچیوں کے قتل میں ملوث قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچاکر ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔