65ویں ائرمارشل نور خان  قومی ہاکی چیمپین شپ

182

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) 65ویں ائر مارشل نور خان قومی ہاکی چیمپین شپ میں آرمی نے پولیس کو13 گول سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ نیوی ریلوے میچ ڈرا‘ ائر فورس کی فتوحات کا سلسلہ جاری‘ سندھ ہاکی ٹیم ایونٹ سے باہر، واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم کے مابین میچ موسم کی خرابی کے باعث نہ ہوسکا، دونوں ٹیموں کو پی ایچ ایف قوانین کے مطابق ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام 65ویں ائر مارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین میں گزشتہ ر وز 4 میچز کھیلے گئے۔ پہلا میچ پاکستان آرمی اور پولیس کے مابین کھیلا گیا۔ آرمی کی کہنہ مشق اور تجربہ کار ٹیم نے پولیس ٹیم کو ٹارگٹ کرتے ہوئے 13 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ سفیر نے بہترین کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے4 شاندار گول کیے اور اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ پولیس کی ہاکی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔ دوسرا میچ پاکستان نیوی اور پاکستان ریلوے کے مابین کھیلا گیا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ تیسرا میچ پی اے ایف اور سندھ کے مابین کھیلا گیا جو کہ پی اے ایف نے4 گول سے جیت لیا۔ سندھ ٹیم اپنا آخری میچ ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ چوتھا میچ پاکستان واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم ہاکی ٹیم کے مابین موسم کی خرابی کے باعث کھیلا نہ جاسکا۔ پی ایچ ایف رولز کے مطابق دونوں ٹیموں کو ایک ، ایک پوائنٹ ایوارڈ کردیا گیا۔