نئی دہلی(جسارت نیوز) آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ہیرن موئے چیٹرجی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کو ٹینس کا ورلڈکپ قرار دیدیا۔گزشتہ روز پاک بھارت اسپورٹس ڈپلومیسی میں اہم پیش رفت کے طور پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارت نے ڈیوس کپ ٹائی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ہیرن موئے چیٹرجی نے بھی پاکستان جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیوس کپ کے لیے ہماری ٹیم پاکستان جائے گی کیونکہ یہ باہمی سیریز نہیں ٹینس کا ورلڈکپ ہے۔ہیرن موئے چیٹرجی نے کہا کہ مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے، یہ ایک ورلڈ ایونٹ ہے جس میں ہم بھی شرکت کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے بھارت میں ورلڈ کپ کھیلا اور اب ہم پاکستان جائیں گے۔بھارتی سیکریٹری ٹینس نے بتایا کہ ہم ویزے کی درخواست دے رہے ہیں، 6 کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف،کوچز کے ساتھ پاکستان جائیں گے۔یاد رہے کہ ڈیوس کپ ٹائی میں دونوں روایتی حریف 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں مد مقابل ہوں گے۔