مظفر گڑھ/ راولپنڈی/ کراچی (صباح نیوز) مظفر گڑھ، راولپنڈی اور ٹھٹھہ میں مختلف ٹریفک حادثات میں 3 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 22 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ میں میانوالی روڈ پر میانوالی سے ملتانے جانے والی مزدہ مظفر گڑھ کے قریب ٹرالر سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ حادثہ ڈرائیور کو نیند آجانے کی وجہ سے پیش آیا۔ ریسکیو اہلکاروں اور پولیس نے لاشوں اور زخمی شخص کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے پیش آیا۔ دوسری جانب راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ ماڈل ٹائون میں کار اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ جاں بحق افراد میں عمار، بلال اور وقار شامل ہیں جبکہ زخمی شخص ساجد کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ لاشوں اور زخمی شخص کو اسپتال
منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹھٹھہ کے قریب کراچی سے کینجھر جھیل جانے والی بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔ جن کی شناخت 25 سالہ ریشماں، 5 سالہ اسد، 6 سالہ عرفان اور 7 سالہ افشاں کے نام سے ہوئی ہے۔ امدادی ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتا ل مکلی منتقل کر دیا اور اسپتا ل میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا، حادثے میں شدید زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔