اوکاڑہ(اے پی پی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیر خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ملکی سالمیت کے لیے انتہائی اہم ہے جس پر عمل درآمد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں ،الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ عوام بھی جرائم کی نشاندہی میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ بلاشبہ پولیس کامحکمہ دنیاکے تمام معاشروں میں عوام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن یہ اہمیت صرف انہی معاشروں میں پولیس کے لیے عزت و توقیر کا باعث بنی ہے جہاں پولیس کی طرف احساس ذمے داری ، خوش اخلاقی اور خود احتسابی کے ذریعے صرف عوام کی خدمت ہی اولین ترجیح رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وائیٹ کالر کرائم کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ڈی پی او نے کہا کہ کم وسائل ہونے کے باوجود پولیس کی کارکردگی سے مطمئن ہوںنیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ، ضلعی انتظامیہ ، علماکرام ، سول سوسائٹی اور پولیس کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ موجود ہے محکمہ پولیس کے جوانوں اور افسروں کے طرز عمل کو عوام کی طرف سے ہر لحاظ سے نوٹ کیا جاتا ہے یہ پولیس آفیسر بھی اسی معاشرے سے ہیں اور مثبت تنقید کے ساتھ ساتھ اچھا کام کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی بھی ہونی چاہیے ۔