نوابشاہ (سٹی رپورٹر) بلدیہ ڈرائیور کی لاپروائی نے میٹرک کلاس کے طالبعلم کی جان لے لی، کچرا ٹرالی کی ٹکر سے دسویں کلاس کا طالبعلم سلمان جٹ موقع پر جاں بحق، ڈرائیور گرفتار، سولہ سالہ محمد سلمان کی آہوں و سسکیوں میں تدفین، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ملزم کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، پولیس۔ تھانہ اے سیکشن کی حدود کچہری روڈ دوڑ وین اسٹاپ پر بلدیہ نوابشاہ کی کچرا اٹھانے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے اسکول جانے والے سولہ سالہ طالبعلم محمد سلمان جٹ کو ٹکر مار دی، جسے موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر پیپلز میڈیکل اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹر نے بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی بچے کے گھر میں صفت ماتم بچھ گئی۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے جاں بحق طالبعلم کے بھائی عظمت علی کی مدعیت میں تھانہ اے سیکشن پر ابتدائی رپورٹ درج کرکے ٹریکٹر قبضے میں لیکر ڈرائیور علی نواز بھنگوار کو گرفتار کرلیا۔ محمد سلمان کو بعد نماز عصر غوثیہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔