ساہیوال(اے پی پی)ڈائریکٹر لائیواسٹاک ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر غلام مصطفی نے کہا ہے کہ محکمانہ خدمات عوام تک بر وقت پہنچانا محکمہ لائیواسٹاک کی اولین ترجیح ہے،عیدالاضحٰی کی آمد کے پیش نظر مویشی پال کے معاشی تحفظ اور عوام کو بیماریوں سے پاک جانوروں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اہم ذمے داری سے بھی محکمہ لائیواسٹاک بخوبی آگاہ ہے اوراسی مقصد کے حصول کیلیے ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کر نے کیلیے عارضی چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ساہیوال ڈویژن کے محکمانہ امور کا جائزہ لینے بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں تینوں کے اضلاع کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز‘ تمام تحصیلوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ہیڈ کوارٹر) اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) نے شرکت کی۔ انہوںنے ضلعی و تحصیل افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی پیشہ وارانہ خدمات کی مناسب نگرانی ہمارے مقاصد کے حصول کیلیے نہایت ضروری ہے۔حسب روایت عید قْربان کے موقع پر اس سال بھی محکمہ لائیواسٹاک پنجاب نے وسیع تر عوامی مفاد میں قربانی کے جانوروں کو چیچڑوں سے پاک کرنے کیلیے اقدامات اْٹھائے ہیںجن میں تمام اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں چیک پوسٹوں کا قیام عوامی پذیرائی کا سبب ہے اب یہ محکمہ لائیواسٹاک کے افسران بالخصوص ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کی بنیادی ذمے داری ہے کہ وہ ان چیک پوسٹوں کے قیام کے پیچھے چْھپے مقصد کے حصول کیلیے سخت محنت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان چیک پوسٹوں پر عملہ کی حاضری‘سپرے مشین ‘چیچڑ مار ادویات اور دیگر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منڈی میں جانے والے جانور 100 فیصد چیچڑوں سے پاک ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظر گل گھوٹو کے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم جلد مکمل کی جائے اور مناسب ریکارڈ بھی رکھا جائے۔مزید براں افسران مویشی پال حضرات کی دہلیز پر جا کر ویکسین کی جانچ پڑتال کریں تاکہ ہر جانور بیماری سے محفوظ رہے۔