احتساب عدالت نے پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 8 اگست تک توسیع کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس اورپارک لین ریفرنس پر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔سابق صدر آصف علی زرداری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیاگیا، اس موقع پربلاول بھٹوبھی عدالت میں موجود تھے۔
دوران سماعت نیب نے آصف زرداری کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی جبکہ زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ سماعت عید کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کی جائے۔جج محمد بشیر نے کہا عید کے بعد رکھ نہیں سکتے،ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ ریمانڈ 15 دن کاہو سکتا، جس پر وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا عید کی چھٹیاں آ جائیں گی، ہفتے اور اتوار کے دن ہوں گے، 13 ، 14 اور 15 اگست کی چھٹی ہو گی، 19 اگست کی تاریخ رکھ لیں۔
جس کے بعد احتساب عدالت نے نیب کی مزید 10 روز کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈمیں 8 اگست تک توسیع کر دی۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ، جج محمد بشیر نے کہا ٹھیک ہے 10دن بعد آپ کی نیب سے جان چھوٹ جائے گی، جس پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نیب سے ہم جان چھڑانانہیں چاہ رہے۔