پشاور (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنا چاہتی ہے اور اس ضمن میں وفاق المدارس کے اکابرین کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوچکے ہیں تاکہ اسکول، کالج اور دینی مدارس سے بیک وقت ایسے طلبا فارغ ہوں جو
دین اور دنیا کے علوم سے آراستہ ہوں، نوشہرہ میں گرلز کالج کیمپس ضلع میں طالبات کی تعلیم کیلیے بہتر ذریعہ ثابت ہوگا۔ وہ نوشہرہ میں قائداعظم گروپ آف اسکول اینڈ کالجز کی جانب سے نوشہرہ میں قائداعظم گرلز کالج کے سنگ بنیاد کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں تعلیمی بورڈ اور ایٹا کے ٹاپرز اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہتر کاردگی کرنے والے طلبا و طالبات اور بیسٹ ٹیچرز میں لاکھوں روپے کے نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا سے پاکستان کی حقیقی شناخت دنیا میں ابھری ہے، وزیراعظم نے ثابت کردیا نیا پاکستان ایک باوقار پاکستان بن چکا ہے اور وہ امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے، جنگ مسائل کا حل نہیں، عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ اچھی طرح سے پیش کیا اور پور ی دنیا پر ہندوستان کی جارحیت اور نہتے مسلمانو ں پر ظلم و ستم آشکار کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کشمیر کو کور ایشو قرار دیا، پاکستان خطے میں امن کیلیے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے، پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، سابقہ حکمرانوں نے قومی دولت بے دردی سے لوٹی اور بیرون ملک اپنے تجوریا ں بھرتے رہے، جس کا خمیازہ آج پوری قوم مہنگائی کی صورت میں بھگت رہی ہے، ملک کو 30 ہزار ارب کا مقروض کردیا گیا۔ عمران خان نے معاشی اصلاحات کا آغاز اپنے دفتر سے کیا اور وزیر اعظم ہائوس، وفاقی وزرا اور صوبائی چیف منسٹرز کے خرچے کم کردیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو ٹیکس دینا ہوگا تاکہ یہ ملک اپنے پیروں پر کھڑا ہوسکے۔ ہمیں ملک چلانے کیلیے سالانہ 20 ارب ڈالر کی ضرروت ہے بہت جلد یہ مرحلہ آجائے گا اور ملک معاشی بحران سے نکل جائے گا۔
پرویز خٹک