نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی جاسوس اور بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کے خاندان نے نئی دہلی میں سابق بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج سے اہم ملاقات کی ہے اور انہیں کلبھوشن یادیو کی محفوظ بھارت واپسی کے لیے کردار ادا کرنے اور انہیں کلبھوشن سے ملنے کیلیے فوری طور پر پاکستان کا ویزا دلوانے کی اپیل کی ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے
شنکر سے کلبھوشن کے خاندان کی ابھی تک ملاقات نہیں ہو سکی ہے۔ کلبھوشن کے خاندان نے سشما سوراج سے کہا ہے کہ انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ عالمی عدالت انصاف کلبھوشن کو رہائی دلوانے کے احکامات جاری کرے گی لیکن نہ تو کلبھوشن کو رہائی مل سکی اور نہ ہی اس کی بھارت واپسی کی ابھی تک امید پیدا ہوئی ہے۔کلبھوشن کے خاندان نے مزید کہا ہے کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ کلبھوشن کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جس سے انہیں شدید تشویش لاحق ہو رہی ہے۔ سشما سوراج نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ حکومت کلبھوشن کی واپسی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
کلبھوشن فیملی