پول کھول دیا آصف زرداری ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں، فرحت اللہ بابر

217

 

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے سیکرٹری جنرل و سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے بغیر جرم کے 11سال جیل کاٹی اور اب خوش اسلوبی کیساتھ جیل کاٹ رہے ہیں اور ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں ، آج ہمیں خوشی ہے کہ ہم ایسے قائد کی سالگرہ
منا رہے ہیں جو کبھی جھکا نہیں بکا نہیں ،دنیا کے کسی ملک میں ایسی جماعت نہیں ملے گی جس نے جمہوریت کے لیے اتنی قربانیاں دی ہیں ، احتساب کے نام پر جو سیاسی انتقام کا ڈرامہ رچایا گیا ہے یہ وزیراعظم کو سلیکٹ کرنیوالوں کا انتقامی حربہ ہے ، وہ سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا ہونا چاہیے ، سارے ملک میں یوم سیاہ 25جولائی کو منایا گیا موجودہ حکومت کو عوام نے مسترد کردیا ہے ، یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی اس کے بعد یہ حکومت نہیں رہے گی بلکہ نئے انتخابات ہوں گے ، موجودہ حالات کا حل صرف یہی ہے ۔آرمی چیف کے دورہ امریکا میں وزیراعظم بھی ان کے ساتھ چل دیے ، حقیقت میں یہ دورہ وزیراعظم کا نہیں بلکہ آرمی چیف کا تھا ۔تقریب میں آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ ، نوید چودھری ، سبط حیدر بخاری ودیگر رہنمائوں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ یہ ہماری روایت ہے کہ ہم اپنے قائدین کی سالگرہ کا کیک کاٹتے ہیں اور آج ہم آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں جنہوں نے بغیر کسی جرم کے پہلے11 سال جیل کاٹی اور اب بھی حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور وہ اب بھی جیل میں مقید ہیں ، ہمیں اپنے قائد پر فخر ہے وہ کبھی جھکے ہیں نہ بکے ہیں ، انہوں نے ہمیشہ مخالفین کی سازشوں کا ڈٹ کا مقابلہ کیا اور اب بھی وہ خوش اسلوبی کیساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کررہے ہیں ۔
فرحت اللہ بابر