سکھر،میونسپل کارپوریشن کی نااہلی،شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

216

سکھر( نمائندہ جسارت)میونسپل کارپوریشن کی عدم توجہی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ڈرینج کا نظام ناکارہ، نالیوں اور گٹروں کاگندا پانی سڑکوں پر جمع ہونا روز کا معمول بن چکا، شہریوں میں تشویش کی لہر۔ تفصیلات کے مطابق متعلقہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث پولیس ہیڈکواٹر چوک، دادو چوک، شالیمار روڈ، بندر روڈِ، پرانہ سکھر وسپور محلہ، نیو پنڈ امان اللہ چوک سمیت دیگر علاقوں میں نالیوں اور گٹروں کا گندا پانی کھڑا رہنا معمول بن چکا ہے، جس کی وجہ سے رہائشی شدید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے میں شہری قمر عباس، مظفر منگی، حبیب اللہ انصاری اور عدنان شیخ و دیگر کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا بنیادی کام شہر کی صفائی اور ڈرینج نظام کو بہتر بنانے، پینے کے پانی کی سپلائی کو جاری رکھنے اور عام لوگوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کردار ادا کرنا ہے، تاہم متعلقہ افسران عوام کی مفاد میں کام کرنے کے بجائے اپنی ذاتی مصروفیات میں نظر آرہے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صفائی کے نام پر یونین کونسل نمبر1 سے یونین کونسل 6 تک یوسیز کو پرائیوٹ کمپنی کے حوالے کرکے صفائی ستھرائی کا ٹھیکہ دیا گیا ہے، مذکورہ کمپنی کی جانب سے بھرتی کیے گئے ملازمین میں سے زیادہ تر کم عمر ہیں، نان ٹیکنیکل اسٹاف کے ہونے سے مسائل پیدا ہورہے ہیں،جبکہ پولیس ہیڈکواٹرکے قریب سابقہ ادارے نارتھ سندھ اربن سروسز کارپوریشن (نساسک) کی جانب سے قائم کردہ(آفس) کے ملازمین کی جانب سے ہیوی مشینیں نہ چلانے اور ملنے والے تیل کا مبینہ طور پر غلط استعمال کی وجہ سے علاقے میں پانی گٹروں اور لائنوں سے اوور ٹاپ کرکے سڑکوں پر کھڑا ہونا معمول بن چکا ہے، شہریوں نے پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔