کراچی میں پہلی بار 24 گھنٹے جاری رہنے والا 11 روزہ کتب میلہ

487

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کراچی ایکسپو سینٹر میں کتابوں کے سب سے بڑے میلے کا آغاز ہوگیا جہاں مطالعے کے شوقین افراد کے لیے کم قیمتوں پر دنیا کی بہترین کتابیں دستیاب ہیں،

ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 5 میں منعقدہ یہ کتب میلہ 26 جولائی سے 5 اگست تک 24 گھنٹے جاری رہے گا جہاں قارئین کسی بھی وقت جا کر 50 سے 90 فیصد رعایت پر اپنی پسندیدہ کتب حاصل کرسکتے ہیں،

کتب میلے میں عالمی ادب بشمول آرٹ، آرکیٹیکچر، تاریخ، سائنس، شاعری سمیت مختلف موضوعات کی کتابیں شامل ہیں۔کتب میلے کا افتتاح جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد محمود عراقی، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، کراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل خیر النظران عبدالر حمٰن، کتب میلے کے منتظم اوربگ بیڈ وولف بکس کے ڈائر یکٹر اویس اختر بٹ نے کیا،

بگ بیڈ وولف بکس کے ڈائر یکٹر اویس اختر بٹ کا کہنا ہے کہ کتب میلے میں 10 لاکھ سے زائد اردو اور انگریزی کی کتب دستیاب ہیں جنہیں مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، نمائش میں موجود ایک مخصوص حصہ ’کافی ٹیبل ورائٹی‘ کا ہے جس کی قیمتیں دیگر کتب کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہیں لیکن اگر ان کا موازنہ عام طور پر دستیاب کافی ٹیبل کتب سے کیا جائے تو وہ خاصی رعایتی قیمت پر دستیاب ہے،

اویس اختر بٹ کا مزید کہنا تھا کہ جمعہ سے ایکسپو سینٹر ہال نمبر5میں جاری کتب میلہ عوام کے لیے کھول دی گیا ہیں۔مطالعہ سے ذہن میں وسعت آتی ہے اور یہ خاص طور پر نوجوانوں کے ذہن کی پروروش کے لیے کتابیں انتہا ئی اہمیت کے حا مل ہے،

انہوں نے کہا کہ کتابیں ہمارے زہنوں کو پروان چڑھاتی ہیں اور ہمیں بہتر سوچ کا حامل انسان بناتی ہیں، بگ بیڈ وولف بک سیل لوگوں کو کم قیمت اور باسہولت انداز سے کتابیں فراہم کرتی ہے اور ہم کراچی میں کتب میلے کے انعقاد کرنے پر بہت خوش ہیں،

ایکسپو سینٹر ہال نمبر5میں جاری کتب میلے میں کتابوں کے شوقین کو اپنے پسندیدہ موضوعات سے متعلق کتابوں کی رسائی آسانی سے حاصل ہوگی اور وہ اپنی پسند یدہ کتابیں تلاش کرسکیں گے،

انہوں نے کہا کہ اس کتب میلے کا سب سے بہترین پہلو یہ ہے کہ یہ کتب میلہ 26 جولائی تا 5 اگست 11روزتک بغیر کسی تعطل کے 24 گھنٹے جاری رہے گا،

کتب میلے میں آنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کتب میلے میں آنے کا بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے کے ہم کسی سپر مارکیٹ میں آ گئے ہیں، جہاں کتا بوں کو رکھنے کے لیے ٹرالیوں کی ضرورت پڑ رہی ہے اور رعایتی قیمت کے سبب لوگ اتنی بڑی تعداد میں خریداری کررہے ہیں جہاں ہر طرح کی کتاب موجود ہے،

واضح رہے کہ اسی طرح کا ایک کتب میلہ بگ بیڈ وولف بکس کی جانب سے رواں برس 18 تا 29 اپریل تک لاہور میں بھی منعقد کیا گیا تھا۔