الیکشن جیتنے کیلیے حکومت نے قبائلی مالکان ومشران پر دباؤ ڈالا اور لالچ دیا،سراج الحق

194
پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق المرکز الاسلامی میں قبائلی اضلاع کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق المرکز الاسلامی میں قبائلی اضلاع کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

پشاور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قبائلی علاقوں میں الیکشن سے قبل حکومت نے گورنر ہائوس اور قبائلی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کو پی ٹی آئی کے انتخابی سیل بنائے رکھا ۔ان دفاتر میں قبائلی ملکان اور مشران کو طلب کر کے ہر طرح کا لالچ دیا اور دبائو ڈالا گیا۔ سرکاری مشینری حکومتی پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلاتی رہی ۔ہر طرح کے جائز و ناجائز ہتھکنڈے آزمانے اور سرکاری وسائل خرچ کرنے کے باوجود حکومت قبائلی علاقوں میں وہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی ، جو اسے 2018 ء کے الیکشن میں دلائی گئی ۔ قبائلی اضلاع میں الیکشن ہونا خوش آئند ہے مگر حکومت کی طرف سے الیکشن کو ہائی جیک کرنے کے لیے ناجائز حربے بھی آزمائے گئے ۔جماعت اسلامی جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے کام کر رہی ہے ۔ جن لوگوں نے الیکشن میں جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیاہے ، ہم ان کے اعتماد پر پورے اتریں گے ۔ جماعت ا سلامی قبائل کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے مرکز اسلامی پشاور میں قبائل میں حالیہ
انتخابات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قائم مقام امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مولانا محمد اسماعیل ، صوبائی نائب امیر صابر حسین اعوان ، سابق ایم این اے ہارون الرشید ، مولانا وحید گل ، شاہ فیصل آفریدی او ر قبائل کے امرائے اضلاع بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کے پا س قبائلی علاقے کی ترقی کے لیے کوئی وژن نہیں ۔ جن نعروں اور وعدوں کا سہارا لے کر حکومتی پارٹی نے 2018 ء کا الیکشن لڑا تھا وہی نعرے اب لگائے جارہے ہیں ۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے ہر فرد تنگ ہے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کردیاہے ۔ قبائلی علاقوں میں لاکھوں نوجوان بے روزگار ہیں ، ان کے روزگار کے لیے حکومت کے پاس کوئی پروگرام نہیں ۔ قبائلی علاقوں کا بنیادی انفرا اسٹرکچر بری طرح تباہ ہے ۔ تعلیمی ادارے ،اسپتال اور مارکیٹیں تباہی اور بربادی کا منظر پیش کر رہی ہیں مگر حکومت ان کی بہتری اور تعمیر نو کے لیے کچھ کرنے کو تیار نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومتی رویے نے سیاست کو بند گلی میں دھکیل دیاہے ۔ حکمران خود کو عوام کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے اس لیے انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔
سراج الحق