اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسیر ارکان کے پروڈکشن آرڈرز کے حوالے سے فیصلہ قانون اور ضوابط کے مطابق کروں گا‘ خواہ کچھ بھی ہو‘ فیصلے اپنی مرضی اور ضمیر کے مطابق کیے ہیں‘ احتیاط سے فیصلہ کرتا ہوں‘ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کروں گا جو عدالتوں میں چیلنج ہو جائے‘ میثاق معیشت کے حوالے سے اپوزیشن قیادت اتفاق کرکے پیچھے ہٹ گئی‘ حکومت اور اپوزیشن کو پارلیمان کی سطح پر قریب لانے کی کوشش کی ہے‘ چیئرمین سینیٹ کے ایشو پر معاملات صحیح سمت میں چل رہے ہیں‘ سینیٹ کا تقدس ہے‘ چیئرمین سینیٹ بہت اچھے طریقے سے ایوان چلارہے ہیں۔ بدھ کو اسپیکر ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم کا دورۂ امریکا بہت کامیاب رہا‘ پاکستان استحکام کی طرف جائے گا‘ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت پر قابو پانا ہوگا تاکہ مہنگائی نہ بڑھے۔