قومی مفادات پر حکومت کی غیر مشروط حمایت کریں گے، بلاول زرداری

344

 

اسلام آباد،لاہور(آئی این پی )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے حکومت کی خارجی محاذ پر غیر مشروط حمایت کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہرایک کو دنیا کو پاکستان کے ساتھ انگیج کرنے کی کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا عمران خان کے رویے کے باوجود ہمیں وسیع تر قومی مفاد کو مد نظر رکھنا ہوگا۔ ہر ایک کو دنیا کو پاکستان کے ساتھ انگیج کرنے کی کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ ضروری ہوا تو معیاری تنقید بھی کروں گا مگر پاکستان کیلیے ہمیشہ حمایت کروں گا۔بلاول زرداری کا کہنا تھا مجھے وزیراعظم کی غیر جمہوری، غیر سیاسی اور مہلک معاشی پالیسیوں پر تحفظات ہیں۔ مجھے وزیراعظم کے بیرون ملک رویے اور خصوصی طور پر امریکا میں جلسے پر بھی اعتراض ہے۔ عمران خان نے
وزیراعظم پاکستان بننے کے بجائے پی ٹی آئی چیئرمن کے طور پر خود کو پیش کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں کہ عظیم ملکی مفاد کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب پاکستان کے دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ میں حکومت کی اس سلسلے میں غیر مشروط حمایت کرتا ہوں۔ میں مثبت تنقید جاری رکھوں گا لیکن سب سے پہلی ترجیح پاکستان ہی ہوگی۔علاوہ ازیںپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کسی بھی سیاسی مخالف کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں بات کرے تو خان صاحب ایوان میں آنا چھوڑ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارکانِ اسمبلی کا حق غصب کر کے ان کے پروڈکشن آرڈر رکوائے جاتے ہیں۔ حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں تک کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔بلاول زرداری نے کہا کہ اپوزیشن کی آواز دبانے کیلیے پہلے گرفتاریاں کی جاتی ہیں، گرفتاریوں سے آواز نہیں دبا سکے تو میڈیا پر سنسر شپ شروع کروا دی۔انہوں نے کہا کہ جتنی میڈیا سنسر شپ آج ہے، ایسی تو صرف آمریتوں میں ہوا کرتی ہے۔ عمران خان کے پاس عوام کے سوالوں کا جواب نہیں تو زبان بندی کروانا شروع کر دی ہے۔
بلاول زرداری