لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر اے ایس پی سٹی محمد کلیم ملک کی سربراہی میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کا فلیگ مارچ سمیت سرچ و کومبنگ آپریشن کیا گیا جس میں متعدد مشتبہ افراد مشکوک گاڑیوں مسافر بسوں، موٹرسائیکلوں کے کوائف کی چھان بین کی گئی۔ اس موقع پر اے ایس پی کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی جانب سے امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور ضلع بھر میں قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے، جرائم پیشہ عناصرین اور سماجی برائیوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ جرائم کا خاتمہ اور امن امان کی بحالی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرچنگ کا مقصد عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد، سماجی برائیوں اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا جائے گا۔ لاڑکانہ شہر کے نظر محلے میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث موبائل فون اور کولڈ ڈرنک کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جبکہ فائر بریگیڈ عملے کو اطلاع دینے کے باوجود بھی عملہ نہ پہنچ سکا جس کے باعث دکان میں موجود کمپیوٹر، موبائل چارجر، کیسنگ، کولڈ ڈرنک سمیت دیگر اشیا جل کر خاکستر ہوگئیں، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔ اس موقع پر متاثرہ دکاندار بھائیوں شہباز لاہوری اور آفاق لاہوری نے بتایا کہ ہم دونوں بھائیوں نے بینک سے لون لے کر روزگار کے لیے دکان کھولی علی الصبح بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث دکان میں آگ لگنے کے باعث 4 لاکھ روپے سے زائد کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اپیل کی کہ ہونے والے نقصان کا ازالہ کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔