پلاسٹک ریپنگ کا اطلاق صرف حج فلائٹس پر ہوگا، زرتاج گل

311

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ہوائی جہاز پر سفر کرنے والے مسافروں کے سامان پر پلاسٹک شیٹ لپیٹنے کے نوٹیفکیشن کا اطلاق صرف حج فلائٹس پر ہوگا، دیگر فلائٹس کے مسافروں کو استثنا حاصل ہے، وزارت پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کیلیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سیکرٹری ایوی ایشن کی تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے
میری گزارش پر ہوائی سفر کیلیے لوڈ ہونے والے سامان پر پلاسٹک شیٹ چڑھانے کے معاملے پر فوری ایکشن لیا۔ پیر کو جاری ہونے والے پیغام میں زرتاج گل نے کہا کہ ایک طرف وزارت موسمیاتی تبدیلی پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کیلیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اور 14 اگست سے وفاقی دارالحکومت میں اس کے استعمال پر پابندی لگانے جارہی ہے دوسری طرف ائرپورٹس پر پلاسٹک کے استعمال میں اضافہ ہونے جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوٹیفکیشن کا اطلاق صرف حج فلائٹس پر ہوگا کیونکہ سامان پر پلاسٹک ریپنگ سعودی حکومت کی ڈیمانڈ ہے۔ دیگر فلائٹس کے مسافروں کو استثنا حاصل ہے وہ چاہیں تو اپنی خواہش پر سامان پر پلاسٹک شیٹ لپیٹ سکتے ہیں۔
زرتاج گل