وزیراعظم سے پوچھو کون سی سہولت دی ہے جو واپس لیں گے،زرداری

600

اسلام آباد(آن لائن)سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے پوچھو کہ کون سی سہولت دی ہے جو واپس لیں گے۔ پیر کو احتساب عدالت میں آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پتا ہونا چاہیے کہ بیرکوں میں رہنے کا عادی ہوں ۔آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ میں نے پہلے چیئرمین سینیٹ بنایا اور نہ ہی اب اتار رہا ہوں۔ سابق صدر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ شہزادہ اکبر نے پریس کانفرنس میں میری 32جائداد کا ذکر کیا اب شہزادہ اکبر کو بلا کر اس بیان سے متعلق پوچھا جائے۔علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم امریکا میں بھی کنٹینر سے نہیں اترے، اگر حکومت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی تو ملک کون چلائے گا ؟۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو صرف اپنی نہیںبلکہ تمام پاکستانیوں کی بات کرے، عمران خان لیڈر نہیں ایک حکمران ہیں،افسوس ہے کہ وزیراعظم بیرون ملک میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کنٹینر سے نہیں اترے۔ادھر پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمن نے کہا کہ وزیراعظم جہاں بھی جاتے ہیں نفرت و انتشار کی بات کر تے ہیں ،ان کی واشنگٹن اور ڈی چو ک میں کی جانے والی تقریر میں کوئی فرق نہیں ہے۔