کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) فنکشنل لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری ، جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم، جی ڈی اے کے اراکین اسمبلی سردار غوث بخش خان مہر، سردا رعلی گوہر خان مہر، شہریار خان مہر اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ زرداری لیگ کے نااہل لیڈر 23 جولائی کو گھوٹکی کے ضمنی انتخابات میں اپنی شکست دیکھ کر پاک فوج کی مخالفت پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج کی تعیناتی حلقے کے امن وامان کے لیے مفید ہے اور زرداری لیگ الیکشن میں فوج کی موجودگی میں دھاندلی نہیں کرسکتی اس لیے وہ عدم اعتماد کا اظہار کررہی ہے۔رہنماؤں نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نے کرپٹ اور نیب زدہ حکمرانوں کو مسترد کردیا ہے، اب سندھ میں تبدیلی کے لیے عوام پیر پگاڑا کی قیادت میں جی ڈی اے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جی ڈی اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ میں ناانصافی، کرپشن اور لوٹ مار کا بازار عوام اب مزید چلنے نہیں دیںگے۔23 جولائی کو گھوٹکی کے این اے 205 پر سردار احمد علی خان مہر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوںگے اور مخالفین کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مخالفین جان لیں اب ان کی دھاندلی اور ٹھپا بازی نہیں چلے گی۔ فوج کی موجودگی میںکوئی زردار دھاندلی نہیں کرسکے گا۔