اسلام آباد (صباح نیوز) امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن اور قومی اسمبلی میں متحدہ مجلس عمل کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکے اور فائرنگ کے واقعات پر شدید مذمت اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل میں پیش آنے والے دہشت گردی کے افسوسناک واقعات پر حکومت کو بھی احساس غفلت سے نکلنا ہوگا، ایسے واقعات حکومت کی بے حسی اور غفلت کا نتیجہ ہوتے ہیں، حکومت بلند بانگ دعوؤں کے باوجود عملی طور پر عوام کو تحفظ کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت گہرا سانحہ ہے۔ ملک میں دوبارہ دہشت گردی کے واقعات قابل تشویش اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید اہلکاروں کو جنت میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔ مولانا اسعد محمود نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
مولانا فضل الرحمن