پشاور (اے پی پی) وفا قی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ان کی خواہش ہے کہ پاکستان موجودہ بحرانوں سے جلد نکلے اور غریب عوام کے مسائل اور مشکلات میں کمی آئے، سابقہ حکمرانوں نے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر یہ حالت بنائی، آج عمران خان نے طاقتوروں پر ہاتھ ڈالا تو وہ واویلا کر رہے ہیں اور اپوزیشن چیخ رہی ہے، جو چور نہیں ان کو کیا خوف ہے؟ جو چور ہوں گے ان سے ایک ایک پائی وصول کی جائے گی، مشکلات بہت جلد ختم ہوں
گی، متحدہ اپوزیشن سینیٹ کے چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے باز رہے ورنہ ان کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا، یہ تحریک کبھی بھی کامیا ب نہیں ہوسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں 200 ملین کی لاگت سے بننے والے کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کے سنگ بنیاد، 87 ملین کی لاگت سے نوشہرہ کینٹ بیوٹیفکیشن کے افتتاح اور قاضی میڈیکل سینٹر میں ٹراما سینٹر کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی22 سالہ جدوجہد کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ، غریب عوام کی حالت زار بہتر بنانا، میرٹ اور انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام تھا۔ ملک کو مستحکم کرنے کیلیے وزیر اعظم عمران خان کو کچھ سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، وفاقی حکومت مہنگائی کے جن پر بہت جلد قابو پالے گی، تحریک انصاف نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک سے کرپشن کے خلاف پہلے بھی جہاد کیا اب بھی کریں گے۔ تحریک انصاف ہی اس ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے جس سے عوام کو بہت سی امیدیں ہیں۔ ہم اپنی کارکردگی سے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ جمہوریت کے دعویداروں کا اصل چہرہ قوم کو معلوم ہوچکا ہے۔ دوسروں پر الزام لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔ ملک کی موجودہ کمزور معاشی صورت حال سابقہ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے ہمیں ورثے میں ملی۔