حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی کونسل کے رکن مسلم لیگ (ن) حیدر آباد ڈویژن کے ترجمان جمال عارف سہروردی نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کیا گیا ہے جوکہ حقائق کے منافی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت کو گرفتار کرنے کا واحد مقصد اپنی ناکامیوں کو چھپانا ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری ہے، پوری قوم کو پوچھنے کا حق ہے کہ آخر پی ایم این کی قیادت کو ظلم و ستم کا نشانہ کیوں بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف پاکستانی عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں ، انہوں نے کہاکہ شہید خاقان عباسی کے صاحبزادے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے کا مقصد جمہوریت کو قید کرنا ہے، امریکا سے ایف 16طیاروں کا جب ضیاء الحق نے سودا کیا تو شہید خاقان عباسی نے پے منٹ کی تھی اور آج محب وطن پاکستانیوں کو پابند سلاسل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت اپوزیشن کی احتجاجی تحریک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، شاہد خاقان عباسی اور بلاول بھٹو زرداری کو 25 جولائی کو کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا جس کی وجہ سے جلسے عام سے پہلے ہی انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سیاسی انتقام پر تُلی ہوئی ہے ، عوام کے ووٹوں سے منتخب ایک اور وزیراعظم کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کرلیا ، حکومت سمجھتی ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن کی تحریک کو دبانے میں کامیاب ہوجائے گی تو یہ اس کی بھول ہے، کراچی سمیت پورے ملک میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائیگی۔ لاہور میں جلسے کی قیادت شہبازشریف جبکہ پشاور میں اسفند یار ولی خان کریں گے۔ علاوہ ازیں جمال عارف سہروردی نے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے ہر روز مسلم لیگ(ن) کی قیادت کیخلاف بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت ثابت کردے گا کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت دیانتدار تھی، دیانتدار ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف خود جیل میں ہیں ، حمزہ شہباز جیل میں ہیں، شاہد خاقان عباسی جیل میں ہیں لیکن کوئی بھی کارکن ملک چھوڑ کر بھاگنے والا نہیں ہے کیونکہ یہ سب میڈ ان پاکستان ہیں۔