اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ نیب نے ان کے خلاف پارک لین ریفرنس دائر کیا ہے‘ یہ ریفرنس احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں دائر کیا گیا۔ پارک لین ریفرنس میں آصف
زرداری سمیت 17 ملزمان نامزد ہیں‘ پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پہلے سے ہی گرفتار ہیں۔ نیب نے یکم جولائی کو ہی پارک لین کیس میں آصف زرداری کو گرفتار کرلیا تھا ۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کا اس کیس میں احتساب عدالت سے جسمانی ریمانڈ بھی لیا جائے گا۔ دریں اثنا نیب پشاور کی ٹیم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر، سابق مشیر وزیراعظم امیر مقام کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں سی ڈی اے میں ان کی املاک سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ذرائع کے مطابق نیب پشاور کی ٹیم نے انکی اسلام آباد میں پراپرٹی سے متعلق جانچ پڑتال کی اور سی ڈی اے کے ریکارڈ کو چیک کیا۔ سی ڈی اے حکام نے کہا کہ نیب تصدیق شدہ ریکارڈ لینیکے لیے باضابطہ درخواست دے‘ اعلیٰ افسران سے منظوری کے بعد تصدیق شدہ ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ وڈیو کیس کی سماعت 23 جولائی کو ہوگی‘ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ جمعے کوعدالت عظمیٰ نے کاز لسٹ جاری کر دی ۔ اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور سمیت درخواست گزاروں کے وکلا کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں‘ اٹارنی جنرل انور منصور تجاویز پیش کریں گے۔
زرداری ریفرنس