حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کی دعویدار عاٍئشہ احد کی جائداد نیلام کرنیکا حکم

382

لاہور (نمائندہ جسارت) بینکنگ عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کی دعدیدار عائشہ احد کی پراپرٹی نیلام کرنے کا فیصلہ دیا ہے۔ پراپرٹی کی نیلامی کے لیے 26 اور 27 اگست کی تاریخیں مقرر کی ہیں۔ عائشہ احد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے سال 2012ء میں کاروبار کی نیت سے بینک سے قرض حاصل کیا جو واپس نہ کیا گیا جس پر بینک نے عدالت سے رجوع کیا اور بینکنگ عدالت نے عائشہ احد کے خلاف ڈگری جاری کرتے ہوئے بینک ریکوری کے لیے ان کی جائداد نیلام کرنے کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ان کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم قاسم قیوم، فضل داد اور آفتاب محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روزہ توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان کے رو برو نیب تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے متعلق تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی ملزمان کو بعد ازاں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا جبکہ ملزمان کو دوبارہ 30 جولائی کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔مزید برآں احتساب عدالت نے آمدن سے زاید اثاثے کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں یکم اگست تک توسیع کر دی۔ احد چیمہ کو جیل سے لا کر عدالت کے رو برو پیش کیا گیا‘ عدالت میں مزید ایک گواہ کی شہادت قلمبند کی گئی‘ عدالت نے گواہ کا بیان ریکارڈ کروانے کے بعد کیس کی مزیدسماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی۔ نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں بتایا گیا کہ احد چیمہ نے اربوں کی اندرون اور بیرون ملک جائداد بنائیں‘ اور خاندان کے افراد کے نام پر اثاثے خریدے۔ کیس میں 10 گواہ شامل ہیں جن میں سے 7 گواہوں نے بیانات ریکارڈ کروا دیے ہیں۔ جبکہ احتساب عدالت نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سیدآصف ہاشمی کیخلاف میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں کے کیس کی مزید سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی۔